کولکاتہ،04/ مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اڑیسہ کے بیشتر حصوں کو تباہ وبرباد کرنے والے طوفان ’فانی‘سے مغربی بنگال کو اب کوئی خطرہ نہیں ہے، کیونکہ یہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں داخل ہونے سے پہلے کمزور ہو چکا ہے۔اڑیسہ میں جمعہ کو اس طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی برپا کی تھی جس میں 12 افراد کی جان چلی گئی۔ایک سینئر افسر نے ہفتہ کو یہ معلومات دی۔یہاں علاقائی محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے بدیوپادھیای نے بتایا کہ پیشن گوئی کے مطابق ریاست میں خاص طور پر بنگلہ دیش سے ملحقہ اضلاع میں ہلکی بارش ہوگی لیکن شہر اور ارد گرد کے علاقے میں موسم معمول کے مطابق رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس فانی طوفان سے مغربی بنگال کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔مغربی بنگال میں داخل ہونے سے پہلے یہ طوفان کمزور ہو گیا تھا۔بدیوپادھیای نے کہا کہ فانی کا اب اور آگے بڑھنا جاری رہے گا اور اگلے چھ گھنٹوں میں اس میں اور تبدیلی کا امکان ہے۔اسکے دوپہر تک بنگلہ دیش کی طرف مڑنے کا بھی امکان ہے۔افسر نے کہا کہ کولکا تہ سے متصل اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور شہر میں دوپہر بعد تک آسمان صاف رہنے کی امید ہے۔مغربی بنگال حکومت نے طوفان کے پیش نظر ہاوڑہ، ہگلی، جھارگرام، کولکاتہ اور سندربن کے علاوہ مشرقی اور مغربی مدناپور، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ اضلاع میں احتیاطی قدم اٹھائے تھے۔